نئی دہلی،18؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)حج 2022کیلئے غیر یقینی اور مبہم صورت حال کی بنا پرمرکزی حج کمیٹی کو ایک لاکھ سے بھی کم درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ 15 فروری حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ تھی، اس عرصے میں 97ہزار ایک سو 33عازمین نے ہی حج 2022کیلئے آن لائن رجسٹریشن کروایا ہے۔ ان میں سے مرکزی حج کمیٹی نے کورجنریشن کے بعد 92ہزار تین سو 81عازمین حج کی درخواستیں قبول کیں ہیں۔ حج درخواست فارم بھرنے کی شروعات یکم نومبر 2021سے ہوئی تھی، تاریخ میں ایک مرتبہ توسیع کے باوجود ساڑھے تین ماہ کے عرصے میں مرکزی حج کمیٹی کو صرف 92ہزار تین سو 81درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس مرتبہ تقریباً 19سو کے قریب بغیر محرم کے حج پر روانہ ہونے والی خواتین نے درخواستیں دی ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او محمد یعقوب شیخا نے بتایا کہ کووڈ، معاشی حالات اور غیریقینی صورتِ حال کی بنا پر اس سال 92ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ یہ درخواستیں حالات کے تناظر میں حوصلہ شکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ حج ہوگا لیکن کن شرائط اور ضوابط کے لحاظ سے ہوگا یہ سعودی حکومت کی گائیڈلائن پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان باہمی معائدہ ہوا اور ہندوستان کے حصے میں زیادہ نشستیں آتی ہیں تو دوبارہ درخواستیں منگوانے کے عمل پر غور کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ ابھی تک سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان حج 2022 کیلئے باہمی معاہدہ طئے نہیں ہو پایا ہے۔